پاکستانی خبریں

جنگ بندی بھارت کی پیشکش پر ہوئی، امریکی کال سے عمل میں آئی، پاکستان بات چیت کیلئے تیار ہے: اسحاق ڈار

خلیج اردو
اسلام آباد — نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے پریس کانفرنس میں انکشاف کیا ہے کہ حالیہ جنگ بندی بھارت کی پیشکش پر ہوئی جس پر امریکی سیکرٹری روبیو کی کال کے بعد دونوں ممالک نے رضامندی ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی دنیا کے سامنے بھارت سے بات چیت کیلئے منت سماجت نہیں کی، جب بھارت تیار ہوگا، پاکستان بھی مذاکرات کیلئے تیار ہوگا۔

اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ مذاکرات کا مقام کچھ بھی ہو، پاکستان کبھی بات چیت سے انکار نہیں کرے گا۔ انہوں نے دو طرفہ جھڑپوں کے حوالے سے کہا کہ دونوں راؤنڈز میں پاکستان نے صرف اپنا دفاع کیا، ہر بار پہل بھارت کی جانب سے ہوئی۔

نائب وزیر اعظم نے مزید کہا کہ پاکستان، چین اور افغانستان نے ایک سہ فریقی اجلاس میں اتفاق کیا ہے کہ خطے سے دہشت گردی کا خاتمہ کیا جائے گا اور کسی بھی ملک کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دی جائے گی۔ اس حوالے سے ایک اہم پاکستانی شخصیت حال ہی میں کابل کے دورے پر بھی گئی تھی۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ چین نہ صرف سی پیک ٹو شروع کرنے کیلئے آمادہ ہے بلکہ بیجنگ اب "ون بیلٹ، ون روڈ” منصوبے کو افغانستان تک وسعت دینے پر بھی کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بعض اندرونی مسائل کی وجہ سے دہشت گردی دوبارہ سر اٹھا رہی ہے، جس کے تدارک کے لیے علاقائی تعاون ناگزیر ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button