
خلیج اردو
اسلام آباد — چین نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی حمایت کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے۔ یہ یقین دہانی پاکستان میں چینی سفیر چیانگ زئے نے ایوانِ صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کے دوران کرائی۔
ملاقات میں پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے بھارتی حکومت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز بیانات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے اقدامات سے علاقائی امن کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
صدر زرداری نے مشکل وقت میں چین کی مستقل حمایت اور پاکستان کے مؤقف کے ساتھ کھڑے ہونے پر چینی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔
چینی سفیر چیانگ زئے نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور آزمودہ دوستی کو "آہنی برادری” قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین ہمیشہ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور مستقبل میں بھی یہ تعاون جاری رہے گا۔ انہوں نے پاکستان کے نقطہ نظر کو چین کے ساتھ شیئر کرنے پر صدر مملکت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔






