
خلیج اردو
اسلام آباد — اسلام آباد ہائیکورٹ میں چار لاپتہ بھائیوں کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس محمد آصف نے کی، جس دوران عدالت کو بتایا گیا کہ تاحال بچوں کے بارے میں کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
عدالت میں پیشی کے دوران چاروں بچوں کی والدہ غم سے نڈھال ہوکر روتے روتے بے ہوش ہو گئیں، جس پر کمرہ عدالت میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے ڈائریکٹر لیگل نے بتایا کہ تفتیش جاری ہے اور راولپنڈی سیف سٹی کیمروں سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔ پنجاب پولیس کے ایس ایس پی نے بتایا کہ نامزد پولیس اہلکاروں کے وارنٹس حاصل کر لیے گئے ہیں، اور آئندہ سماعت تک ان کی تعمیل کر کے رپورٹ پیش کی جائے گی۔
جسٹس محمد آصف نے پولیس کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ عدالت اس کیس میں تفصیلی حکم جاری کرے گی، تاکہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین ہو سکے۔






