پاکستانی خبریں

لیاری میں منہدم عمارت کے ملبے سے مزید دو لاشیں برآمد، جاں بحق افراد کی تعداد 16 ہو گئی

خلیج اردو
کراچی، 5 جولائی
کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں پانچ منزلہ منہدم رہائشی عمارت کے ملبے سے مزید دو لاشیں نکال لی گئی ہیں، جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 16 ہو گئی ہے۔ ریسکیو 1122، سندھ پولیس اور دیگر ادارے بھاری مشینری کے ساتھ مسلسل امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

ریسکیو 1122 کے انچارج عدیل عاصم کے مطابق عمارت کی بیسمنٹ کا حصہ کلیئر کر لیا گیا ہے، تاہم دوسرے حصے میں مزید افراد موجود ہو سکتے ہیں، جن کی تلاش جاری ہے۔

انتظامیہ کے مطابق مکمل ملبہ ہٹانے کے لیے مزید 12 سے 24 گھنٹے درکار ہوں گے۔ احتیاطی تدابیر کے تحت منہدم عمارت سے متصل دیگر عمارتوں کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔

حادثے کا شکار ہونے والے خاندانوں کے افراد اب بھی جائے وقوعہ کے قریب موجود ہیں اور اپنے پیاروں کے زندہ بچ جانے کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔ ان کی آنکھوں میں بے بسی اور دلوں میں دعا ہے کہ شاید ملبے سے کوئی معجزاتی طور پر زندہ نکل آئے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button