پاکستانی خبریں

بجٹ کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش اپنوں نے کی، حکومت مضبوط ہے،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا انکشاف

خلیج اردو
پشاور، 5 جولائی
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے صحافیوں سے گفتگو میں انکشاف کیا ہے کہ صوبائی بجٹ کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش ان کے اپنے ہی ساتھیوں نے کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے بجٹ پیش نہ کرنے کی کوشش کی گئی اور پھر اس کی منظوری رکوانے کا پروپیگنڈا شروع کر دیا گیا، حالانکہ اگر بجٹ پاس نہ ہوتا تو ان کی حکومت ختم ہو سکتی تھی۔

گنڈاپور نے واضح کیا کہ ان کی حکومت مکمل طور پر مضبوط ہے اور کوئی رکن اسمبلی چھوڑ کر کہیں نہیں جا رہا۔ انہوں نے چیلنج دیتے ہوئے کہا: "جسے شوق ہے، تحریک عدم اعتماد لا کر دیکھ لے، سب کچھ سامنے آ جائے گا۔”

انہوں نے گورنر خیبرپختونخوا پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ان کی حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا: "وہ صرف باتیں کرتا رہتا ہے۔”

مخصوص نشستوں اور عدالت سے رجوع
وزیر اعلیٰ نے مخصوص نشستوں کے معاملے پر عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے کاغذاتِ نامزدگی کی بنیاد پر اس حق کے لیے قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

بسکٹ کا نہیں، ملازمین کا کھانا تھا
ساڑھے گیارہ کروڑ روپے کے اخراجات کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے گنڈاپور نے کہا کہ یہ رقم بسکٹوں پر نہیں، بلکہ وزیر اعلیٰ ہاؤس اور سیکرٹریٹ میں کام کرنے والے 400 کلاس فور ملازمین کے کھانے پر خرچ ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے اخراجات کیے ہیں تو "ڈھائی سو ارب روپے کی بچت بھی کی ہے۔

انہوں نے ایک بار پھر مؤقف دہرایا کہ ان کی حکومت عوامی خدمت کے عزم پر قائم ہے اور وہ نہ صرف کرپشن کو کنٹرول کر چکے ہیں بلکہ بیوروکریسی کو بھی سیاسی قیادت کے دائرے میں لا چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button