
خلیج اردو
اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق اپیلوں پر سماعت 30 اپریل کو ہوگی جس کی سربراہی اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف کریں گے۔ یہ اپیلیں احتساب عدالت کے اس فیصلے کے خلاف دائر کی گئی ہیں جو 17 جنوری کو سنایا گیا تھا۔
احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں بانی پی ٹی آئی کو 14 سال قید اور بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔ اب اس فیصلے کے خلاف اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت آئیں گی، جہاں قانونی ماہرین اور سیاسی حلقے اس کیس کی پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر ہونے والی کارروائی ملک کی موجودہ سیاسی فضا پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔






