
خلیج اردو
ایبٹ آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پی ایم اے کاکول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے پہلگام واقعے پر بھارت کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی بے بنیاد بلیم گیم کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کو ہر شکل میں مسترد کیا ہے اور اپنی قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر تیار ہے۔
وزیراعظم نے عالمی برادری کو شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کرتے ہوئے واضح کیا کہ اگر کوئی مہم جوئی ہوئی تو پاکستان فروری 2019 کی طرح منہ توڑ جواب دے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ امن ہماری خواہش ہے لیکن اسے کمزوری نہ سمجھا جائے، اور وطن عزیز کی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کا پانی روکا گیا تو پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیاں ہو رہی ہیں، اسحاق ڈار نے کابل میں واضح کر دیا ہے کہ افغانستان کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن حملے برداشت نہیں ہوں گے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دنیا میں دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے، جس کے نوے ہزار شہری شہید ہو چکے ہیں جبکہ معیشت کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور عالمی برادری اس مسئلے کے حل میں ناکام رہی ہے۔
وزیراعظم نے غزہ میں اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مظالم رکوانے کا مطالبہ کیا۔ پاس آؤٹ کیڈٹس سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ آپ دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہو رہے ہیں جو نظم و ضبط میں اپنی مثال آپ ہے اور بانی پاکستان کے رہنما اصولوں پر کاربند ہے۔