پاکستانی خبریں

خیبرپختونخوا میں بڑی سیاسی تبدیلی، علی امین گنڈا پور کا وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ، سہیل آفریدی نئے وزیراعلیٰ کے مضبوط امیدوار قرار

خلیج اردو
پشاور، 8 اکتوبر 2025
خیبرپختونخوا کی سیاست میں بڑی تبدیلی سامنے آ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے وزارتِ اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یہ فیصلہ بانی پاکستان تحریک انصاف کے حکم پر کر رہے ہیں۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وزارت اُن کے لیے ایک امانت تھی جسے اب وہ واپس کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو ان کی مکمل حمایت حاصل رہے گی۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور پارٹی پالیسی کے لیے سب کو ایک ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پارٹی اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ نئی سمت اختیار کرے گی۔

پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے بھی تصدیق کی کہ گنڈا پور کو ہٹانے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی کا ہے۔ ان کے مطابق سہیل آفریدی کو نیا وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کر دیا گیا ہے اور اس عمل میں کسی دشواری کا سامنا نہیں ہوگا۔ سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ علی امین گنڈا پور باوقار انداز میں استعفیٰ دیں گے اور سہیل آفریدی وزیراعلیٰ منتخب ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی جلد ایک نئی پالیسی کا اعلان کرے گی اور صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے مذاکرات کے راستے کو ترجیح دی جائے گی۔

سیاسی ماہرین کے مطابق یہ فیصلہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی اندرونی صف بندی اور مرکزی قیادت کی ہدایت کے تحت ایک بڑی حکمتِ عملی کا حصہ ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button