
خلیج اردو
راولپنڈی :بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)عمران خان نے اپنی پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کسی کو بھی مذاکرات کا اختیار نہیں دیا اور نہ ہی وہ کسی سے ڈیل کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات ان کے لیے نہیں بلکہ ملک کے لیے ہونے چاہئیں، اور دہشت گردی کی وجہ سے انہیں تکلیف ہے۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ افغانستان کے لوگ جس طرح اپنے ملک سے جا رہے ہیں، اس سے خیبر پختونخوا متاثر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سب ایک مختصر ایجنڈے پر اکٹھے ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اپوزیشن الائنس بنانے کی طرف پیش رفت کرنے کا کہا ہے۔ اسی دوران بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ علی امین کی بانی سے ملاقات تک منرل اینڈ مائنز بل پر کوئی پیشرفت نہیں ہو گی۔
علیمہ خان کو ملاقات کی اجازت نہ دیے جانے پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ فیملی کو ملنے سے روکنے پر توہین عدالت کی درخواست دیں گے۔
بانی پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماؤں کو ایک دوسرے کے خلاف بات کرنے سے روک دیا۔ اس ملاقات میں بیرسٹر گوہر علی خان، بیرسٹر سلمان صفدر، فیصل چوہدری، علی عمران اور رائے سلمان شامل تھے۔ اس دوران کئی پارٹی رہنماؤں اور اہل خانہ کو اڈیالہ جیل کے باہر مختلف مقامات پر روک دیا گیا۔