
خلیج اردو
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست نے کئی مرتبہ بھٹکے ہوئے لوگوں کے ساتھ مذاکرات کیے ہیں، تاہم دہشت گرد ملک کی ترقی نہیں چاہتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لڑائی ریاست نے نہیں، بلکہ دہشت گردوں نے شروع کی تھی۔
سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے مسئلے کے حل کے حوالے سے کہا کہ اس کا حل نوجوانوں کو وسائل فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جتنا چاہیں احتجاج کریں، لیکن سڑکیں بند نہ کریں، اور سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے عمل کو روکنے کے لیے درست رہنمائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سوشل میڈیا کو بہتری کے لیے ایک ذریعہ بنایا جائے گا اور منفی پراپیگنڈے کا راستہ روکا جائے گا۔ بلوچستان میں پہلی سوشل میڈیا پالیسی متعارف کرائی جا رہی ہے جس میں سوشل میڈیا صارفین کے تحفظات اور تجاویز کو پالیسی کا حصہ بنایا جائے گا۔