پاکستانی خبریں

سانحہ سوات: گورنر خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے استعفے کا مطالبہ، مقدمہ درج کرانے کا اعلان

خلیج اردو
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے سانحہ سوات پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔ گورنر کا کہنا ہے کہ دریائے سوات میں پھنسے افراد دو گھنٹے تک مدد کے لیے پکارنے کے باوجود تنہا رہے، کوئی امدادی کارروائی نہ کی گئی، اور اس غفلت کے ذمہ دار وزیراعلیٰ اور وزیر سیاحت ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف ملنا چاہیے اور سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی ایف آئی آر وزیراعلیٰ اور متعلقہ وزیر کے خلاف درج کی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ کے خلاف انکوائری ہونی چاہیے تاکہ ذمہ داری کا تعین ہو سکے۔

گورنر نے صوبائی حکومت پر بلدیاتی اداروں کو نظر انداز کرنے کا الزام بھی لگایا، ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی اداروں کو ایک روپیہ بھی فراہم نہیں کیا گیا، حالانکہ وفاق سے موصول ہونے والے فنڈز کی تقسیم میں صوبائی حکومت جان بوجھ کر تاخیر کر رہی ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ جب ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے تو غفلت اور نااہلی کا خمیازہ عوام کو کیوں بھگتنا پڑے؟

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button