پاکستانی خبریں

غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں،ملک بھر میں ہیٹ ویوو کا الرٹ جاری

ملک بھر میں ہیٹ ویوو کا الرٹ جاری

خلیج اردو
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں ہیٹ ویوو کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 20 سے 24 مئی کے دوران درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے، جس سے عوام کو شدید گرمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق، سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری معمول سے بڑھ جائے گا، جبکہ اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور وسطی و بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری معمول سے زیادہ ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ہیٹ ویوو کے دوران میدانی علاقوں میں تیز ہوائیں اور جھکڑ چلنے کا بھی امکان ہے، جس کے باعث حدت مزید بڑھ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور گرمی سے بچاؤ کے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

کاشتکاروں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے زرعی معمولات کو موسمی حالات کے مطابق ترتیب دیں تاکہ فصلوں کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button