پاکستانی خبریں

اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت: لاش 9 ماہ پرانی، لاہور میں تدفین، عدالتی تحقیقات کا آغاز

خلیج اردو
کراچی/لاہور: کراچی میں مردہ پائی گئی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کو لاہور میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کی مسخ شدہ لاش ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے ملی تھی، جہاں وہ 2018 سے تنہا مقیم تھیں۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق حمیرا کی موت کو 9 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

اداکارہ کے بھائی نوید اصغر نے لاش وصول کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ پوسٹ مارٹم اور دیگر شواہد کی روشنی میں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک سے ڈیڑھ سال سے حمیرا سے رابطہ منقطع تھا، تاہم یہ تاثر غلط ہے کہ والدین نے اس سے قطع تعلق کیا تھا۔ حمیرا اپنی مرضی کی خود مالک تھی۔

چچا محمد علی کے مطابق حمیرا فون پر رابطے میں رہتی تھی اور جب بھی لاہور آتی تو گھر ضرور آتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ والدین ان کے شوبز میں کام کرنے سے خوش نہیں تھے، تاہم حمیرا تعلیم یافتہ تھی، پینٹنگز بناتی تھی اور اپنے کام سے خوش رہتی تھی۔

پولیس کے مطابق فلیٹ سے ملنے والی اشیاء اور بل اکتوبر 2024 کے ہیں، جبکہ اداکارہ کا موبائل فون بھی اسی مہینے سے بند پایا گیا۔ لاش کی حالت انتہائی مسخ شدہ تھی جس سے موت کی تاریخ کے حوالے سے واضح اشارہ ملا۔

اداکارہ کی موت کو طبعی قرار دینے کے بجائے قتل کا شک ظاہر کرتے ہوئے شہری شاہ زیب سہیل نے عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ اپنی درخواست میں انہوں نے مؤقف اپنایا کہ دستیاب ویڈیوز اور حالات واقعات قتل کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ درخواست میں حمیرا کے خاندان کو بھی شامل تفتیش کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

عدالت نے ایس پی کمپلینٹ سیل، ایس ایس پی ساؤتھ اور ایس ایچ او گزری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 16 جولائی تک تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button