پاکستانی خبریں

عمران خان سے ملاقات کرنے والے میڈیا سے سیاسی گفتگو نہیں کریں گے،اسلام آباد ہائیکورٹ کا بانی پی ٹی آئی کی جیل ملاقاتوں کے لیے دن مقرر

خلیج اردو
اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی جیل میں ملاقاتوں کے لیے منگل اور جمعرات کے دن مقرر کر دیے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو ہدایت کی کہ وہ بچوں سے ٹیلی فونک گفتگو کے لیے ٹرائل کورٹ سے رجوع کریں۔ عدالت نے ملاقاتوں کے بعد میڈیا سے گفتگو پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔

چیف جسٹس سرفراز ڈوگر، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس محمد اعظم پر مشتمل لارجر بینچ نے بانی پی ٹی آئی کی جیل ملاقاتوں سے متعلق درخواستوں پر سماعت کی۔ سماعت میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے درخواست گزاروں کے وکلاء اور جیل حکام پیش ہوئے۔

پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے مؤقف اختیار کیا کہ منگل کو فیملی اور وکلاء جبکہ جمعرات کو دوستوں کی ملاقات طے ہے، مگر جمعرات کی ملاقات نہیں کروائی جا رہی۔ جیل سپریٹنڈنٹ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دسمبر تک بانی پی ٹی آئی کی ملاقاتیں انہی ایس او پیز کے تحت ہو رہی تھیں، جنوری سے اسٹیٹس میں تبدیلی آئی اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر صرف منگل کو ملاقاتیں کرائی جا رہی ہیں۔

ایڈیشنل سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت میں تفصیلی جواب جمع کرایا، جس میں کہا گیا کہ سزا یافتہ ہونے کے بعد بانی پی ٹی آئی کا اسٹیٹس تبدیل ہو چکا ہے، اور جیل رولز کے مطابق ملاقاتوں کا فیصلہ سپریٹنڈنٹ کا اختیار ہے۔ وکیل نوید ملک نے مؤقف اپنایا کہ جب ملاقات کرائی جاتی ہے تو سیاسی بیان بازی کی جاتی ہے، جس کے بعد عدالت نے ملاقاتوں کو مشروط طور پر بحال کرتے ہوئے درخواستیں نمٹا دیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button