
خلیج اردو
اوسلو: ناروے میں منعقدہ ورلڈ ایکسپریشن فورم نے پاکستانی وکیل اور انسانی حقوق کی کارکن ایمان زینب مزاری کو ینگ انسپائریشن ایوارڈ 2025 سے نوازا ہے۔ یہ ایوارڈ پاکستان میں آزادی اظہار، جمہوریت اور انسانی حقوق کے فروغ کے لیے ان کی بے خوف اور مسلسل جدوجہد کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔
ایوارڈ دینے کی تقریب ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں منعقد ہوئی، جہاں نوبیل انعام یافتہ فلپائنی صحافی ماریہ ریسا نے ایمان مزاری کو ایوارڈ پیش کیا۔ انہوں نے کہا:
“اس سال یہ ایوارڈ ایک قانون کی طالبہ، ایک نمایاں انسانی حقوق کی وکیل اور ایک بے باک انسانی حقوق محافظ کو دیا جا رہا ہے۔”
ماریہ ریسا نے ایمان مزاری کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا:
“ایمان مزاری نے پاکستان میں قانون کی بالادستی، مذہبی و نسلی احترام اور انسانی عظمت کے لیے بھرپور آواز اٹھائی ہے۔ وہ جبری گمشدگیوں، اظہار رائے پر دہشتگردی کے مقدمات، اور ریاستی طاقت کے غلط استعمال کے خلاف ڈٹی رہیں۔”
ورلڈ ایکسپریشن فورم کے اعلامیے میں کہا گیا کہ ایمان مزاری کی کوششوں نے پاکستان میں نوجوان نسل کو متاثر کیا ہے اور وہ آزادی اظہار کی علامت بن کر ابھری ہیں۔
ایوارڈ کو انسانی حقوق کے عالمی سطح پر ایک اہم اعزاز تصور کیا جاتا ہے، جو ایسے افراد کو دیا جاتا ہے جو جمہوریت اور انسانی وقار کے تحفظ کے لیے عملی کردار ادا کرتے ہیں۔







