پاکستانی خبریں

خضدار حملے سمیت متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں بھارت ملوث ہے، پاکستان نے تمام ثبوت دنیا کے سامنے رکھ دیے ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

خلیج اردو
اسلام آباد – پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے کہ خضدار میں اسکول بس پر حملے، جعفر ایکسپریس بم دھماکے، اور بلوچستان میں مزدوروں کے قتل جیسے دہشتگردی کے واقعات میں بھارت براہ راست ملوث ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گرفتار دہشت گردوں نے تفتیش کے دوران بھارتی سرپرستی کا اعتراف کیا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت گزشتہ بیس برس سے پاکستان میں ریاستی دہشتگردی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ 2009 میں پاکستان نے اقوام متحدہ میں بلوچستان میں بھارتی مداخلت کا ڈوزیئر جمع کرایا تھا، جبکہ 2016 میں بھی بھارت کے دہشتگردی میں ملوث ہونے کے شواہد عالمی برادری کے سامنے رکھے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں امن کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے اور دہشت گردوں کو فنڈز، ہتھیار، تربیت، علاج اور پناہ فراہم کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور محنت مزدوری کرنے والے معصوم افراد کو قتل کرایا جا رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی ایما پر بلوچستان میں 21 مزدوروں کا قتل عام کیا گیا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارت دہشتگردوں کو ایسے جدید ہتھیار فراہم کر رہا ہے جو مقامی لوگ خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔ اس موقع پر بھارتی فوجی افسر میجر سندیپ اور ایک گرفتار دہشتگرد کے درمیان گفتگو کی آڈیو بھی سنائی گئی، جس میں وہ فنڈز کی ترسیل کا طریقہ بتا رہا تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بنیان مرصوص کے دوران دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا، اور جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا، پاکستان اور بھارت کے درمیان امن ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تنازعے میں چین بھی ایک فریق ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے بارڈر کراس کرنے کی متعدد کوششوں کو ناکام بنایا، اور 71 دہشتگردوں کو ہلاک کیا، جب کہ بلوچستان میں 200 سے زائد دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا گیا۔ غیر قانونی فنڈنگ کے بہت سے راستے بند کیے جا چکے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارت کی جانب سے مذہبی آزادی سلب کرنے کی کوششوں کی بھی مذمت کی، اور کہا کہ بھارت نے کرتارپور راہداری بند کر کے سکھوں کی عبادت کی آزادی پر قدغن لگائی ہے، جب کہ پاکستان میں سکھوں کے مقدس مقامات کو عزت دی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر بھارت دوبارہ جارحیت کی کوشش کرے گا تو اسے پہلے سے زیادہ سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پاکستان ہر حال میں تیار ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button