
خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے پاس مصدقہ رپورٹس تھیں جن کے مطابق بھارت پاکستان پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ حساس معلومات بروقت عالمی برادری کے ساتھ شیئر کی گئیں تاکہ ممکنہ جارحیت کو روکا جا سکے۔
عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "جب آپ دنیا کو بروقت آگاہ کرتے ہیں تو یہ عمل ممکنہ تصادم کو روکنے کا ذریعہ بن جاتا ہے۔” انہوں نے مزید بتایا کہ بھارتی حملے کا خطرہ اب بھی موجود ہے، لیکن پاکستان ہر قسم کے ‘مس ایڈونچر’ کا منہ توڑ جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا خواہاں رہا ہے، تاہم اپنی سلامتی کا دفاع کرنا اس کا جائز حق ہے۔ وزیر اطلاعات نے بھارتی رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پلوامہ واقعے کے بعد بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام عائد کیا، جو غیر ذمہ دارانہ اقدام تھا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا، "ہم نے اس واقعے کی شفاف اور غیر جانب دارانہ تحقیقات کی پیشکش کی ہے، لیکن بھارت نے اسے رد کر کے اپنی بدنیتی ظاہر کی ہے۔” ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کو عالمی برادری کے سامنے یہ واضح کرنا ہوگا کہ پلوامہ واقعے میں اصل ذمہ دار کون ہے، محض پاکستان کی طرف انگلی اٹھانا ناقابل قبول ہے۔
پاکستانی حکومت کی جانب سے عالمی برادری کو بروقت اطلاع دے کر ممکنہ تنازع کو روکنے کی کوشش کی گئی ہے، اور اب بھی پاکستان بین الاقوامی اصولوں کے تحت امن کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔






