پاکستانی خبریں

اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کا ابتدائی پوسٹ مارٹم مکمل، وجہ موت تاحال معلوم نہ ہوسکی

خلیج اردو
کراچی: معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ جاری کر دی گئی ہے، تاہم اس میں موت کی وجہ واضح نہیں ہو سکی۔ پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ کے مطابق لاش اس قدر بوسیدہ ہو چکی ہے کہ فوری طور پر موت کی حتمی وجہ معلوم نہیں کی جا سکتی۔

ڈاکٹر سمیعہ نے بتایا کہ لاش کے ڈی این اے اور کیمیکل ایگزیمنیشن کے سیمپل لے لیے گئے ہیں، جن کی رپورٹس کے بعد ہی حتمی نتیجہ اخذ کیا جا سکے گا۔ فی الحال پولیس نے لاش کو سرد خانے میں منتقل کر دیا ہے کیونکہ اداکارہ کے اہل خانہ میں سے کوئی بھی کراچی لاش وصول کرنے نہیں آیا۔

پولیس کے مطابق اداکارہ حمیرا اصغر کئی سال سے لاہور سے کراچی آکر اتحاد کمرشل کے ایک فلیٹ میں مقیم تھیں، جہاں وہ 2018 سے تنہا رہ رہی تھیں۔ ایس ایس پی جنوبی محذور علی نے بی بی سی کو بتایا کہ حمیرا نے گزشتہ برس سے فلیٹ کا کرایہ دینا بند کر دیا تھا، جس پر مالک مکان نے عدالت سے رجوع کر رکھا تھا۔

پولیس نے اداکارہ کے موبائل فون کا کال ڈیٹا ریکارڈ (سی ڈی آر) بھی حاصل کر لیا ہے، جس کے مطابق اکتوبر 2024 کے بعد سے ان کی کسی سے بھی کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

اہم بات یہ ہے کہ ان کے والد نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے حمیرا سے کئی سال پہلے قطع تعلق کر لیا تھا۔

اداکارہ کی موت کی وجوہات جاننے کے لیے پولیس کی تحقیقات جاری ہیں اور کیمیکل رپورٹ کے بعد ہی معاملے کی مکمل تصویر سامنے آئے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button