پاکستانی خبریں

جعفر ایکسپریس حملہ: دہشت گردوں کا پیچھا افغانستان میں بھی کریں گے، وزیر ریلوے حنیف عباسی

خلیج اردو
لاہور: وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ دہشت گرد اگر افغانستان بھاگ جائیں گے تو وہاں بھی ان کا پیچھا کیا جائے گا۔ انہوں نے جعفر ایکسپریس حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا اور کہا کہ ایسی کارروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حنیف عباسی نے اعلان کیا کہ ریلوے کے دو شہداء کے لیے ایک کروڑ دس لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی اور شہداء کے بچوں کو ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریلوے پولیس کے سکیل کو پنجاب پولیس کے برابر کر دیا گیا ہے تاکہ ملازمین کو بہتر سہولیات مل سکیں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ملک کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور اگر دہشت گرد وہاں فرار ہوں گے تو ان کا تعاقب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لڑنا چاہتے ہیں وہ براہِ راست میدان میں آئیں، معصوم بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو تقسیم کرنے کی سازش کی جا رہی ہے مگر پاکستانی عوام متحد ہیں اور ملک دشمن عناصر کے خلاف کھڑے ہیں۔ حنیف عباسی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ریلوے کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button