
خلیج اردو
اسلام آباد:پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ججز کے استعفوں کا سلسلہ رکے گا نہیں اور انہیں معلوم ہے کہ مزید کن ججز نے استعفے دینے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے آئین خود لکھنے کی کوشش کی اور پارلیمنٹ جیسا کردار اختیار کیا، جو درست نہیں تھا۔
ملک احمد خان نے کہا کہ جب آئین کو بگاڑنے کی کوشش کی گئی تو ہم نے کہا تھا کہ پھر پارلیمان کو ہی بند کر دیں۔ انہوں نے ماضی کے عدالتی فیصلوں پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا نواز شریف اور یوسف رضا گیلانی کو حکومت سے نکالنے کا فیصلہ درست تھا؟ ان کا کہنا تھا کہ ایک سابق چیف جسٹس نے خود انہیں بتایا تھا کہ کچھ ججز ایک مخصوص سیاسی جماعت کو سزا دینا چاہتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ججز کی تعیناتی میں من پسند افراد کو لگایا گیا اور سوال اٹھایا کہ کیا جج اپنی تعیناتی بھی خود کرے گا؟ ملک احمد خان کے مطابق عدلیہ اور پارلیمان کے درمیان اختیارات کی واضح حد بندی ضروری ہے تاکہ ادارہ جاتی توازن برقرار رہے۔






