
خلیج اردو
راولپنڈی:پاکستان کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میچ میں 8 وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کی اور تین میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ قومی ٹیم نے 289 رنز کے ہدف کو دو وکٹوں کے نقصان پر انچاسویں اوور میں حاصل کیا۔ بابراعظم نے 119 گیندوں پر 102 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، جبکہ محمد رضوان نے 51 رنز بنائے۔ فخر زمان نے 78 اور صائم ایوب نے 33 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی اور سری لنکن کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا کہ گرین شرٹس نے شاندار کارکردگی دکھائی، سری لنکا اور پاکستان کے تعلقات کی مضبوطی اور کرکٹ کی جیت ہوئی ہے۔
بابر اعظم کی اس اننگز کے ساتھ ون ڈے کرکٹ میں 20 ویں سنچری مکمل ہو گئی، جس سے انہوں نے سابق اسٹار بیٹر سعید انور کے ریکارڈ کے برابر پہنچ گئے۔ بابراعظم نے 10 سال کے دوران 138 میچز میں 135 اننگز کھیلیں اور 20 سنچریاں اور 37 نصف سنچریاں سکور کی ہیں، جبکہ سعید انور نے ون ڈے کیرئیر میں 247 میچز کی 244 اننگز میں 20 سنچریاں اور 43 نصف سنچریاں بنائی تھیں۔






