پاکستانی خبریں

کراچی میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کے باعث مختلف حادثات، دیواریں اور چھتیں گرنے سے 21 افراد جاں بحق، متعدد زخمی، شہر بھر میں بجلی کا شدید بحران پیدا

خلیج اردو
کراچی میں تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات میں 21 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ترجمان کے مطابق بلدیہ کے علاقے مواچھ گوٹھ اور مدینہ کالونی کے قریب دیوار گرنے سے 7 افراد جان سے گئے جبکہ 3 زخمی ہوئے۔

لانڈھی کے مجید کالونی میں براق پمپ کے قریب دیوار گرنے سے خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ ملیر ندی کے قریب یارو گوٹھ میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔ کورنگی میں گھر کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوئی۔

کلفٹن اور نیلم کالونی کے قریب درخت گرنے سے 2 افراد زخمی ہوئے جبکہ بھینس کالونی میں باڑے کی چھت گرنے سے بھی 2 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد کی لاشیں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ریسکیو کارروائیاں تاحال جاری ہیں۔

بارش کے بعد شہر میں بجلی کا بڑا بحران بھی پیدا ہوگیا، پی آئی بی، لائنز ایریا، شادمان، بفرزون، ناظم آباد، گولیمار، نیو کراچی، نارتھ کراچی، سرجانی اور اورنگی سمیت متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے اور شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

یہ صورتحال شہری انفراسٹرکچر کی کمزوری اور ہنگامی تیاریوں کی ناکافی حالت کو ظاہر کرتی ہے، جس سے مستقبل میں بہتر منصوبہ بندی کی ضرورت مزید واضح ہو گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button