
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بانی پاکستان تحریک انصاف کو سخت چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ اسلام آباد پر حملوں کے ذریعے دوبارہ اقتدار حاصل کیا جا سکتا ہے تو وہ اپنی قسمت آزما لیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی نے پہلے بھی اسلام آباد پر تین حملے کیے لیکن ان کا کوئی نتیجہ نہ نکلا۔
اے بی این نیوز سے گفتگو میں خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی وہی فیصلے کرتے ہیں جو وہ اپنی ذات کے لیے بہتر سمجھتے ہیں، لیکن ان کا ہر تجربہ ناکام ہوا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ اسی راہ سے اقتدار تک پہنچا جا سکتا ہے تو دوبارہ کوشش کر لیں۔
انہوں نے احتجاجی تحریک میں بانی پی ٹی آئی کے بیٹوں کی شرکت سے متعلق سوال پر محتاط رویہ اختیار کیا اور کہا کہ یہ ان کا "فیملی میٹر” ہے، اور انہیں معلوم نہیں کہ رانا ثناء اللہ نے گرفتاری سے متعلق بات کیوں کی۔
ایک سوال کے جواب میں خواجہ آصف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں کسی قسم کے اختلافات نہیں ہیں، ان کے خلاف لوگ بیانات دیتے رہتے ہیں لیکن وہ اس کا جواب ضروری نہیں سمجھتے۔
بھارت سے متعلق سوال پر وزیر دفاع نے خبردار کیا کہ اب بھی یہ خدشات موجود ہیں کہ بھارت پاکستان پر جنگ مسلط کر سکتا ہے، جس کے لیے ہمیں ہمہ وقت تیار رہنا ہو گا۔






