پاکستانی خبریں

خیبرپختونخوا میں بانی پی ٹی آئی کے وژن کے مطابق داخلہ مہم جاری، 10 لاکھ بچوں کو اسکول داخل کرنے کا ہدف مقرر

خلیج اردو
پشاور – خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف کے وژن کے مطابق صوبے میں اسکول داخلہ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر مہم کو مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

بیرسٹر سیف کے مطابق وزیراعلیٰ خود داخلہ مہم کی نگرانی کر رہے ہیں اور محکمہ تعلیم کو واضح ہدایت دی گئی ہے کہ کوئی بھی بچہ اسکول سے باہر نہ رہے۔ اس مہم کے تحت 10 لاکھ بچوں کو اسکولوں میں داخل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

داخلہ مہم کی کامیابی کے لیے اساتذہ، والدین، مقامی مشران اور بااثر افراد کی شمولیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ منتخب نمائندے، نوجوان رضاکار اور علمائے کرام بھی اس مہم کا حصہ ہیں۔

خیبرپختونخوا حکومت نے مہم کو مؤثر بنانے کے لیے اسکول بیگز اور اسٹیشنری مفت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ "تعلیم کارڈ” کے منصوبے کا آغاز بھی جلد کیا جائے گا تاکہ تعلیمی اخراجات میں والدین کی معاونت کی جا سکے۔

بیرسٹر سیف نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کو اسکول میں داخل کروا کر اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ "آج کے بچے کل کا مستقبل ہیں، اپنے مستقبل کو روشن اور تابناک بنائیں”۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button