پاکستانی خبریں

پختونخوا کے لوگ پتھر دور میں رہ رہے ہیں، وہاں کے بچوں کے ہاتھ میں بندوق اور یہاں کے بچوں کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہے، مریم نواز کا گجرات میں خطاب

خلیج اردو
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گجرات میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے میرے والد کی بیماری کا مذاق اڑایا اور والدہ کی کینسر کی بیماری کو ڈرامہ قرار دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان پر جھوٹے الزامات لگائے گئے اور آج بانی جیل میں ہیں، حلفاً کہہ رہی ہوں کہ انہیں تمام سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کا حساب صرف عوام کو نہیں بلکہ اللہ کو بھی دینا ہے۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ جب ان کی والدہ کا انتقال ہوا تو ان کے والد نے کہا تھا کہ یہاں انسان کو اپنی سچائی ثابت کرنے کے لیے مرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے حالات پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہاں کے لوگ اب بھی پتھر کے زمانے میں رہ رہے ہیں، بچوں کے ہاتھ میں ہتھیار ہیں اور ان کے ذہنوں میں تشدد سے محبت بھری جا رہی ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اقتدار آتا جاتا رہتا ہے اور اسے ریت کی طرح مٹھی سے پھسلنے نہیں دینا چاہیے۔ سیاست سے جلاؤ، گھیراؤ اور انتشار کو نکال باہر کرنا ہوگا۔

آخر میں وزیر اعلیٰ نے پنجاب کی ترقی اور خوشحالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی کھوئی ہوئی رونقیں بحال ہو رہی ہیں اور یہاں کے ہر بیٹے اور بیٹی کا مستقبل روشن ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button