خلیج اردو
مرکزی فلپائن کے شہر Iloilo City کے جارو ڈسٹرکٹ میں پیر 16 فروری کو لگنے والی دو مختلف آگ کی وارداتوں میں تقریباً 20 مکانات تباہ جبکہ ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
جارو کے علاقے بینیڈکٹو ٹاؤن میں اچانک بھڑکنے والی آگ نے رہائشی علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث فضا میں دھوئیں کے بادل پھیل گئے اور مقامی افراد میں خوف و ہراس پھیل گیا، جب کہ Dubai میں مقیم فلپائنی شہری بھی اپنے اہل خانہ کیلئے شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔
دبئی میں مقیم بی آر نے بتایا کہ "میری والدہ نے اطلاع دی کہ ہمارے گھر کے قریب شدید آگ بھڑک اٹھی ہے۔” ان کے مطابق دھواں گھر کے اندر تک پھیل گیا تھا جس کے بعد ان کی والدہ اور بھائی نے حفاظتی اقدامات کے طور پر قریبی شاپنگ مال میں پناہ لی۔
انہوں نے کہا کہ "جب آپ ہزاروں کلومیٹر دور ہوں تو صورتحال مزید خوفناک محسوس ہوتی ہے، آپ صرف فون چیک کرتے رہتے ہیں اور اچھی خبر کی امید کرتے ہیں۔”
ایک اور دبئی میں مقیم خاتون لورین پی نے کہا کہ "جب جارو میں آگ لگنے کی خبر سنی تو میں گھبرا گئی، بیرون ملک ہونے کی وجہ سے آپ کچھ نہیں کر سکتے، صرف دعا ہی کر سکتے ہیں کہ سب محفوظ رہیں۔”
ادھر دوسری آگ جارو کے علاقے بالاباگو میں پیر کی علی الصبح ڈھائی بجے ایک گاڑیوں کی مرمت کی دکان میں لگی، جہاں 25 سالہ روسٹم انسیٹا اندر پھنس کر جان کی بازی ہار گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق متوفی روسٹم انسیٹا مستقبل میں فائر بریگیڈ کا حصہ بننے کا خواہشمند تھا۔
یہ واقعہ اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ بیرون ملک مقیم افراد کیلئے اپنے آبائی علاقوں میں ہنگامی صورتحال ذہنی اذیت کا سبب بن سکتی ہے






