
خلیج اردو
سرگودھا، 22 جولائی
انسداد دہشتگردی کی عدالت سرگودھا نے 9 مئی کے پُرتشدد واقعات سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر، ایم این اے احمد چٹھہ اور سابق ایم این اے بلال اعجاز سمیت تمام 32 ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنادی ہے۔
عدالت نے یہ فیصلہ ان ملزمان کے خلاف دہشتگردی، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور اشتعال انگیزی کے الزامات ثابت ہونے کے بعد سنایا۔ عدالت نے واضح کیا کہ مجرموں نے ریاستی اداروں کے خلاف کارروائیوں میں حصہ لیا اور امن و امان کی صورتحال کو نقصان پہنچایا۔
فیصلے کے وقت عدالت میں احمد خان بھچر سمیت کوئی بھی ملزم موجود نہیں تھا۔ بیشتر ملزمان پہلے سے ہی ضمانت پر تھے جبکہ عدالت نے تمام 32 ملزمان، جن میں اہم سیاسی شخصیات بھی شامل ہیں، کو حاضری سے استثنیٰ دے رکھا تھا۔
عدالتی فیصلے کے بعد قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علیحدہ کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے، تاہم اپیل کا دروازہ بھی ان کے لیے کھلا ہے۔






