
خلیج اردو
04 نومبر 2020
عاطف خان خٹک
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں این سی او سی کے تمام فیصلوں کی توثیق کی گئی۔
این سی سی اجلاس میں وزرائے اعلی اور وفاقی وزراء کی شرکت ہوئی۔ این سی او سی حکام نے کورونا وباء کے پھیلاؤ اور تازہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے عوامی تحفظ میں این سی او سی اور تمام سٹیک ہولڈرز کی تعریف کی۔ این سی سی نے سمارٹ لاک ڈاؤن کے فیصلے کی منظوری دیدی ۔ مارکیٹوں اور شادی ہالز کے اوقات میں کمی کی بھی منظوری دی گئی۔
وزیر اعظم نے این سی او سی کو مستقبل کےایکشن پلان کیلئے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہدایت جاری کر دی۔ انہوں نے کہا این سی او سی کورونا سے بچاؤ کے لئے ضروری ہدایات جاری کرے۔ کورونا وباء کی کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہسپتالوں میں تمام سہولیات مکمل کی جائیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے وار مزید تیز ، 18 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 1313 نئے کیسزرپورٹ ہوئے۔ این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 14ہزار 646ہے ملک بھرمیں مجموعی کیسز 3 لاکھ 37 ہزار 573 ہوگئی ہے۔
کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 6ہزار 867ہوگئی ہے جبکہ صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 3 لاکھ 16 ہزار 60 ہوگئی۔
دوسری طرف وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمد کا کہنا ہے کہ حالات ایسے نہیں کہ تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے ، تعلیمی ادارے چلتے رہیں گے،معیشت کو بھی ساتھ لے کرچلنا ہے۔
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں نئے سائنس بلاک کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیرتعلیم کا کہنا تھا کہ دیگرممالک کے مقابلے میں پاکستان کی کارکردگی کی مثال دی جاتی ہے،آئندہ بھی چیلنج کا مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے امریکی صدارتی انتخابات پربات کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ میں جس کی بھی حکومت آئے گی ، خوش دلی سے ویلکم کریں گے۔






