
خلیج اردو
لاہور، 18 اپریل 2025
پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف سے ملاقاتوں پر حکومت کی طرف سے کسی قسم کی پابندی نہیں لگائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ خود ہی ملاقات کرنے والوں کی فہرست سے ایک دوسرے کے نام نکالتے ہیں اور پھر الزام حکومت پر ڈال دیتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ جیل کے قواعد کے مطابق قیدیوں سے اہل خانہ کی ملاقات جمعرات کے روز ہوتی ہے، تاہم بانی پی ٹی آئی کو رعایت دیتے ہوئے ہفتے میں دو دن، جمعرات اور منگل کو ملاقات کی اجازت دی گئی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے الزام لگایا کہ تحریک انصاف کے رہنما اڈیالہ جیل کے باہر ہفتہ وار ’’فرمائشی گرفتاریاں‘‘ اور فوٹو سیشن کرتے ہیں تاکہ خبروں میں رہ سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’ان کے لوگ خود ہی پولیس وین میں بیٹھتے ہیں اور اگلے چوک پر اتر جاتے ہیں‘‘۔
انہوں نے تحریک انصاف پر ’’تھرڈ کلاس پولیٹکل سٹنٹ‘‘ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اب ان ڈراموں کا اثر ختم ہو چکا ہے۔






