
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اماراتی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر زور دیا۔ دونوں ممالک کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی اور باہمی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جایا جائے گا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات تاریخی اور برادرانہ بنیادوں پر استوار ہیں، اور دونوں ممالک مختلف عالمی و علاقائی امور پر مشترکہ مؤقف رکھتے ہیں۔ اس حوالے سے ہونے والے حالیہ رابطے کو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔






