
خلیج اردو
اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے کرپٹو کرنسی کے مستقبل کے حوالے سے اہم پیش رفت کرتے ہوئے کرپٹو کونسل کی تشکیل کے لیے اہم تعیناتی کر دی ہے۔ اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق بلال بن ثاقب کو وزیر خزانہ کا چیف ایڈوائزر مقرر کر دیا گیا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق چیف ایڈوائزر پاکستان میں پہلی کرپٹو کونسل کی تشکیل کی نگرانی کریں گے، جس کا مقصد ٹیکنالوجی میں پیش رفت کے ذریعے قومی معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ کرپٹو کونسل کی تشکیل فعال اقتصادی پالیسی کا حصہ ہوگی، جو ملکی معیشت میں شفافیت کو یقینی بنانے میں مدد دے گی۔
بلال بن ثاقب اس سے قبل فوربز کے ساتھ سرمایہ کاری اور سٹریٹجک ایڈوائزر کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ ان کی تعیناتی سے پاکستان کے مالیاتی نظام میں کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجیز کے انضمام میں مدد ملے گی۔
وزیر خزانہ کے چیف ایڈوائزر مضبوط ریگولیٹری فریم ورک کی تشکیل اور عالمی معیارات کے مطابق ڈیجیٹل اثاثوں کے تحفظ کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق بلال بن ثاقب وزارت خزانہ کو مصنوعی ذہانت کے حکومتی نظام میں استعمال سے متعلق بھی مشورے دیں گے۔
بلال بن ثاقب نے کہا کہ کرپٹو کرنسی اور بلاک چین ٹیکنالوجی پاکستان کی معیشت اور نوجوانوں کے لیے بے پناہ مواقع رکھتی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں فعال ریگولیٹری ڈیجیٹل فریم ورک کی تشکیل کے لیے ان کی تعیناتی ملک کے لیے ایک مثبت پیش رفت ثابت ہوگی۔







