پاکستانی خبریں

امریکہ سے اچھے تعلق کا مطلب یہ نہیں کہ غلط چیز میں بھی ساتھ دیا جائے،ایران پر امریکی حملہ،پاکستان نے دوستی سے بالاتر ہو کر اصولی مؤقف اپنایا، اسحاق ڈار

خلیج اردو
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے لیے مؤثر اور فعال سفارتی کردار ادا کیا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران پر امریکی حملے کے بعد پاکستان نے فوری ردعمل دیا اور اس حملے کو ایک ناپسندیدہ اقدام قرار دیا۔

اسحاق ڈار نے واضح کیا کہ امریکہ سے دوستی کے باوجود پاکستان کسی بھی غلط اقدام کی حمایت نہیں کر سکتا، اور یہی وجہ ہے کہ اصولی مؤقف اختیار کرتے ہوئے واشگاف انداز میں امریکی حملے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر سے ایک سے زائد بار رابطہ کر کے پاکستان کی یکجہتی کا پیغام دیا۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی فورم کے ذریعے پاکستان نے فلسطینی عوام سے بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا، اور مشرق وسطیٰ کی بگڑتی صورتحال پر تفصیلی غور کے لیے اجلاس میں ترکی، متحدہ عرب امارات، چین، روس سمیت دیگر اہم ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کی گئیں، جب کہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے بھی خصوصی ملاقات ہوئی۔

نائب وزیراعظم کے مطابق ایران کے معاملے پر او آئی سی میں ایک خصوصی سیشن کی تجویز بھی دی گئی ہے، اور اقوام متحدہ میں بھی پاکستان کی جانب سے فعال سفارتی کردار ادا کیا جا رہا ہے تاکہ خطے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button