
خلیج اردو
راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے نہ کبھی ہندوستان کی اجارہ داری کو تسلیم کیا اور نہ آئندہ کرے گا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ بحیثیت قوم ہم نہ پہلے کبھی بھارت کے آگے جھکے اور نہ آئندہ جھکیں گے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دہشت گردی ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے، اور خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سرپرست بھی ہندوستان ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "معرکہ حق” میں ریاست کی تمام اکائیوں نے مثالی ہم آہنگی اور اتحاد کا مظاہرہ کیا، جو قومی یکجہتی کی علامت ہے۔
انہوں نے افغانستان کو برادر اسلامی ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، مگر ساتھ ہی یہ تقاضا بھی کرتا ہے کہ وہ "فتنہ الہندوستان” اور "فتنہ الخوارج” جیسے عناصر کو اپنی سرزمین پر جگہ نہ دے۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ملکی ترقی اور کامیابی کے لیے عوام، حکومت اور افواج کے درمیان باہمی اعتماد اور مضبوط تعلق ناگزیر ہے۔ انہوں نے نوجوان افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہر نظام میں کچھ کمزوریاں اور چیلنجز ہوتے ہیں، لیکن ان کمزوریوں کو نظام پر حاوی نہ ہونے دینا ہی اصل قیادت کا امتحان ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ملک سے محبت، وفاداری اور اپنی پہچان سے بلند ہو کر پاکستانیت کو اپنانا ہر شہری کا فرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان دورِ حاضر کے جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہو کر خود کو ہمہ وقت تیار رکھتی ہیں۔






