
خلیج اردو
وزیراعظم شہباز شریف نے ہاکی معاملات میں مبینہ بدانتظامی اور ملک کی بدنامی کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا
ذرائع کے مطابق میڈیا رپورٹس پر حکومتی سطح پر انکوائریاں کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ہاکی کے معاملات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ دورہ آسٹریلیا کے دوران پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کارکردگی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا جس کے بعد شفاف تحقیقات کے بعد سخت اقدامات کا عندیہ دیا گیا ہے۔
وزیراعظم کے احکامات پر وزارت بین الصوبائی رابطہ نے واقعے کی باضابطہ انکوائری کا فیصلہ کیا ہے جبکہ صدر پی ایچ ایف سے استعفیٰ طلب کرنے پر بھی مشاورت جاری ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ قصوروار ثابت ہونے والوں کو نتائج بھگتنا ہوں گے جبکہ حکومت کھیلوں کے فروغ اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے پرعزم ہے، جس سے ہاکی کے انتظامی نظام میں بہتری کی راہ ہموار ہونے کا امکان ہے۔






