
خلیج اردو
نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے نائب مستقل مندوب عثمان جدون نے سکیورٹی کونسل میں مستقل نشستوں کی تعداد بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے چھوٹے اور ترقی پذیر ممالک کو نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں بین الحکومتی مذاکرات کے غیر رسمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئے مستقل ارکان کی شمولیت محض ایک نئی مراعات یافتہ اشرافیہ کی تخلیق ہوگی۔
عثمان جدون کا کہنا تھا کہ سکیورٹی کونسل میں صرف غیر مستقل ارکان کی تعداد بڑھائی جانی چاہئے تاکہ سب اقوام کی شمولیت ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ چند ممالک کو مستقل نمائندگی دے کر باقی اقوام کو محروم کرنا نہ تو منصفانہ ہے اور نہ ہی قابل قبول۔
پاکستانی مندوب نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، افریقی یونین اور دیگر چھوٹے ممالک کی نمائندگی کے مطالبے کی بھی حمایت کی اور زور دیا کہ اقوام متحدہ کو حقیقی معنوں میں جمہوری ادارہ بنانے کے لیے تمام اقوام کو برابر کا حق دیا جانا چاہئے۔







