
خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے وزارت خارجہ میں ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق، ملاقات میں حالیہ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس موقع پر پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا کہ ملک علاقائی امن اور سلامتی کو یقینی بناتے ہوئے اپنے قومی مفادات کا تحفظ کرے گا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم بھارت کی جارحانہ پالیسیوں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
اس سے قبل چینی سفیر نے دفتر خارجہ میں ہنگامی مشاورت کے لیے ملاقات کی، جس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور وزیر خارجہ نے بھارت کے حالیہ الزامات پر پاکستان کا موقف پیش کیا۔
ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں، سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور پانی روکنے کی دھمکیوں سے پاکستان کو شدید تشویش ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پانی روکنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہے اور اسے اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، مگر بھارت کی مسلسل جارحانہ پالیسیوں نے صورتحال کو سنگین بنا دیا ہے۔
چینی سفیر نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ چین باہمی تعاون، سفارتی مشاورت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔