
خلیج اردو
اسلام آباد: بھارت کی جانب سے پہلگام حملے کو بنیاد بنا کر خطے میں جنگی ماحول پیدا کرنے کی سازش سامنے آ گئی ہے۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے افواج کو کسی بھی وقت، کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانے کی کھلی چھوٹ دے دی ہے، جبکہ کابینہ کی سیکیورٹی کمیٹی مسلسل اجلاس منعقد کر رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کر کے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی دھمکی دی ہے، پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کرنے اور سفارتی تعلقات محدود کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ ٹائمز ناؤ کے مطابق بھارت کے ان اقدامات کا مقصد دنیا کی توجہ دہشتگردی کے جھوٹے بیانیے کے ذریعے گمراہ کرنا ہے۔
امریکہ نے خطے میں بڑھتی کشیدگی پر فوری ردعمل دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے وزیر اعظم پاکستان اور بھارتی ہم منصب سے ٹیلیفونک گفتگو میں کشیدگی کم کرنے پر زور دیا۔ وزیر اعظم پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی پیشکش کرتے ہوئے بھارت کے اشتعال انگیز رویے کو خطے کے امن کیلئے خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے سندھ طاس معاہدے سے انحراف کو ناقابل قبول اور بھارتی الزامات کو توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ پاکستان سے تعاون کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب بھارت کا جھوٹا بیانیہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ را کی خفیہ دستاویزات منظر عام پر آ گئی ہیں جن میں پہلگام حملے کو فالس فلیگ آپریشن قرار دیا گیا ہے۔ ان دستاویزات کے مطابق آزاد کشمیر میں محدود کارروائی کے ساتھ ساتھ پاکستان پر الزام تراشی، جھوٹے شواہد کی تیاری اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی انسداد دہشتگردی پوزیشن کو کمزور کرنے کا منصوبہ شامل تھا۔ حملے کی ذمہ داری کشمیری گروپس پر ڈالنے کا منصوبہ بھی طے کیا گیا تھا۔
سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بھی بھارتی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی سیاسی فوائد کے لیے عوام کی جانوں سے کھیل رہی ہے، عام شہری غیر محفوظ اور بدمعاش عناصر کو تحفظ حاصل ہے۔ بی جے پی کے 250 وی وی آئی پیز کیلئے ہزاروں اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ عوام بے سہارا ہیں۔
پاکستان نے بھارت کو واضح پیغام دے دیا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ اگر بھارت نے فوجی تصادم کا راستہ اپنایا تو ذمہ داری اس کی اپنی ہو گی اور اس کے بعد پاکستان اپنی مرضی سے جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمہ وقت تیار ہے، جوابی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں، قوم متحد ہے اور کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
میدانی سطح پر پاک فوج نے بھی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ سیالکوٹ، نارووال، شکرگڑھ اور ظفروال سمیت سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر مشقیں جاری ہیں جن میں ٹینک، توپ خانہ اور انفنٹری کے دستے شریک ہیں۔ افواج پاکستان وطن کے دفاع کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں۔
دریں اثنا بھارتی جنگی جنون کا شکار عام شہری بننے لگے ہیں۔ بھارتی فوج کے قافلے کی زد میں آ کر 6 سکھ شہری ہلاک ہو گئے جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل تھے۔ ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ گاڑی کا ڈرائیور نشے میں تھا۔







