
پی آئی اے کا ایک اور پاکستانی شہر سے شارجہ کیلئے دو طرفہ پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق اپنی مالی مشکلات پر قابو پانے کیلئے کوشاں پاکستان ائیرلائن نے ایک نئے بین الاقوامی روٹ پر پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ قومی ائیرلائن کی جانب سے بلوچستان کے شہر تربت سے متحدہ عرب امارات کے شہر کیلئے اگلے ماہ سے پروازوں کا آغاز کیا جائے گا۔
پی آئی اے اگلے ماہ 6 فروری سے تربت اور شارجہ کے درمیان پروازوں کا باقاعدہ آغاز کر دے گی۔ قومی ائیرلائن دونوں شہروں کے درمیان دو طرفہ پروازیں چلائے گی۔ تربت شارجہ کے روٹ پر پروازیں شروع کرنے سے بلوچستان کے شہریوں کیلئے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان سفری مشکلات کم ہوں گی۔
یہاں یہ واضح رہے کہ پائلٹس کے جعلی لائسنس معاملے کی وجہ سے پی آئی اے پر اس وقت کئی ممالک نے پابندی عائد کر رکھی ہے۔
جبکہ گزشتہ ایک سال کے دوران کرونا بحران اور اس وجہ سے لگنے والی سفری پابندیاں بھی پی آئی اے کیلئے بدترین مالی مشکلات کا باعث بنیں۔ اس صورتحال میں پی آئی اے کی جانب سے ناصرف اندرون ملک، بلکہ بیرون ملک بھی نئے روٹس پر پروازیں چلا کر مالی نقصانات کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔







