پاکستانی خبریں

کسی قسم کی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں اور امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،وزیراعظم کی بھارت کو پہلگام واقعے پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے معاونت کی پیشکش

خلیج اردو
ایبٹ آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے ملٹری اکیڈمی کاکول میں کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو پہلگام واقعے پر غیر جانبدارانہ عالمی تحقیقات میں معاونت کی پیشکش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے واقعے کے بعد بے بنیاد اور بلا ثبوت الزامات لگائے، جبکہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر غیر جانبدارانہ تحقیقات کیلئے تیار ہے۔ تاہم وزیراعظم نے واضح کیا کہ کسی قسم کی دھمکیاں ناقابل قبول ہیں اور امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا اور ایک ایک انچ کی حفاظت کی جائے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اگر کوئی مہم جوئی کی گئی تو پاکستان فروری 2019 کی طرح بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا۔

وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ 25 کروڑ پاکستانی عوام متحد ہیں اور اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پانی پاکستان کی لائف لائن ہے اور اگر سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستان کا پانی روکا گیا تو بھرپور قوت سے جواب دیا جائے گا۔

شہباز شریف نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے قائداعظم کے اس قول کا حوالہ دیا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کہا کہ یہ عالمی تنازع کئی دہائیوں سے حل طلب ہے، لیکن بدقسمتی سے عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل میں ناکام دکھائی دیتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button