
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف آج ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے اہم سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات متوقع ہے جس میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر غور کیا جائے گا۔
ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور دیگر کلیدی شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ دی جائے گی۔ وزیراعظم پاک بھارت حالیہ تنازع کو کم کرنے میں سعودی قیادت کے تعمیری کردار پر ان کا شکریہ بھی ادا کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان معاشی اور سفارتی تعلقات کو مزید وسعت دے گا۔ اس موقع پر سعودی عرب کے وژن 2030 اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے کے اقدامات بھی زیر بحث آئیں گے۔






