
خلیج اردو
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بحرین کا دو روزہ دورہ مکمل کیا جہاں انہوں نے بحرین کے بادشاہ اور ولی عہد سے اہم ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، خطے کی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے بحرینی قیادت کی جانب سے تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو اگلے تین سال میں ایک ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم رکھتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بحرینی سرمایہ کاروں کو فوڈ سیکیورٹی، آئی ٹی، تعمیرات اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ انہوں نے کراچی، گوادر اور خلیفہ بن سلمان پورٹ کے درمیان رابطوں میں اضافے کی تجویز بھی پیش کی تاکہ تجارت اور اقتصادی شراکت مزید مستحکم ہو سکے۔
بحرین کے بادشاہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی خدمات کے اعتراف میں انہیں آرڈر آف بحرین فرسٹ کلاس سے نوازا، جو سفارتی سطح پر ایک اہم اعزاز ہے۔
وزیراعظم بحرین کے دورے کے بعد 29 نومبر تک برطانیہ کا دورہ کریں گے جہاں ان کی عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ اہم ملاقاتیں طے ہیں۔ ان ملاقاتوں میں پاکستان کے لیے نئی مالیاتی سہولت اور معاشی سپورٹ پر پیش رفت کا قوی امکان ہے۔






