
خلیج اردو
اسلام آباد: وزارتِ مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق اگر حج 2026 میں کسی پرائیویٹ حج آپریٹر کی کوتاہی کے باعث کوئی عازمِ حج سفر پر نہ جا سکا تو متعلقہ کمپنی کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بروقت عازمینِ حج کی رقوم سعودی عرب منتقل نہ کرنے والے حج آپریٹرز کے خلاف بھی لائسنس منسوخی کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جبکہ ایسی کمپنیاں آئندہ حج آپریٹرز کے طور پر کام کرنے کی اہل نہیں رہیں گی۔
ذرائع وزارتِ مذہبی امور کے مطابق مالی بے ضابطگی کی صورت میں متعلقہ حج آپریٹر کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ جو پرائیویٹ حج آپریٹرز 15 دسمبر تک مطلوبہ سروسز حاصل نہیں کریں گے، ان کا باقی ماندہ کوٹہ سرکاری حج اسکیم میں منتقل کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے وزارتِ مذہبی امور نے پرائیویٹ حج آپریٹرز کے لیے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزارتِ مذہبی امور کے مطابق عازمینِ حج کے لیے سعودی عرب میں حج 2026 کے اخراجات جمع کرانے کی آخری تاریخ 31 دسمبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔ تمام پرائیویٹ حج آپریٹرز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ حج پیکیج کی 100 فیصد رقم متعلقہ سعودی اکاؤنٹس میں جمع کرائیں۔ اس کے علاوہ نجی حج آپریٹرز کو منیٰ کی زمین اور رہائشی عمارتوں سے متعلق سروسز 21 دسمبر 2025 تک مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
وزارتِ مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ پرائیویٹ عازمینِ حج کی رقوم مقررہ مدت میں جمع نہ کرانے والے آپریٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ عازمینِ حج کو کسی بھی قسم کی پریشانی یا نقصان سے بچایا جا سکے۔






