پاکستانی خبریں

تحریک انصاف کا 5 اگست سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان، بانی کے بیٹے قیادت کریں گے

خلیج اردو
اسلام آباد، 8 جولائی 2025 — پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 5 اگست سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت پارٹی بانی کے دونوں صاحبزادے کریں گے۔ یہ اعلان علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے جیل سے پارٹی کو احتجاجی تحریک کے لیے واضح لائحہ عمل فراہم کر دیا ہے۔ ان کے مطابق بانی نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ جو کارکن یا رہنما تحریک کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے، وہ خود کو عہدوں سے الگ کر لیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ "بانی نے واضح پیغام دیا ہے کہ اب ہر شخص تحریک پر فوکس کرے، پاکستانی عوام کو اپنی آزادی اور قانون کی بالادستی کے لیے کھڑا ہونا ہوگا۔ ہم سب اپنی جماعت کے ساتھ مل کر اس تحریک کا حصہ بنیں گے۔”

ایک سوال پر علیمہ خان نے کہا کہ احتجاج کہاں سے شروع ہوگا، یہ پارٹی طے کرے گی۔ "پتا نہیں پشاور سے چلیں گے یا لاہور سے، یہ پلان پارٹی بتائے گی۔ لیکن بھروسہ رکھیں، حالات بہتر ہوں گے۔”

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی مسلسل ریاستی اداروں کی جانب سے اپنے خلاف کارروائیوں کا الزام عائد کر رہی ہے اور سیاسی سرگرمیوں کو دوبارہ فعال بنانے کی کوشش میں ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button