پاکستانی خبریں

پی ٹی آئی کا آئینی حقوق کے تحفظ کیلئے قافلہ لاہور پہنچ گیا، گرفتاریوں سے تحریک نہیں رکے گی: علی امین گنڈاپور

خلیج اردو
لاہور میں پی ٹی آئی کے معطل ارکان پنجاب اسمبلی سے اظہار یکجہتی اور بانی چیئرمین کی رہائی کیلئے تحریک کے آغاز کے سلسلے میں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما بیرسٹر گوہر کی قیادت میں ایک بڑا قافلہ لاہور پہنچ گیا۔

قافلے میں پی ٹی آئی پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سمیت دیگر مرکزی رہنما بھی شامل تھے۔ اس موقع پر علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ:

"کسی فرد کو آئینی حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا، گرفتاریاں ہماری تحریک کا راستہ نہیں روک سکتیں، ہمارا مقصد انتشار نہیں بلکہ جمہوری اقدار کا تحفظ ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ:

"ہم نے ہر قدم پر امن کی بات کی ہے، ہمارے ہر لفظ میں آئین کی پاسداری کا واضح پیغام شامل ہے، جمہوریت کے علمبردار اپنے بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نکلے ہیں۔”

قافلے کی روانگی کو انہوں نے "غیر قانونی، غیر آئینی، غیر جمہوری اور غیر اخلاقی اقدامات کے خلاف پرامن ردعمل” قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کے بیٹے الیکشن لڑنے نہیں، بلکہ "اپنے والد سے ملاقات کے لیے آ رہے ہیں”، تاہم پنجاب حکومت کو پیشگی آگاہی کے باوجود پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کی اطلاعات قابل افسوس ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے اس بات پر زور دیا کہ:

"قافلے کا ہر قدم آئین کی سربلندی اور عوام کے حقِ نمائندگی کا استعارہ ہے، اور یہ تحریک پرامن اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button