
خلیج اردو
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے واضح اور سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر سیاسی میدان میں ’’مائنس ون‘‘ کی کوشش کی گئی تو اس کے بعد ایک بھی نہیں بچے گا اور حالات کسی کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کاروباری دنیا نہیں کہ دو میں سے ایک کو نکال دو تو دوسرا رہ جائے، سیاست اور جمہوریت میں ایسے فیصلوں کے سنگین نتائج نکلتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس وقت تین کروڑ عوام کی نمائندگی کر رہی ہے اور ہم سسٹم کا حصہ اس لیے ہیں تاکہ ملک میں جمہوریت برقرار رہے۔ بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ گزشتہ روز صوبائی اسمبلی میں ایک قرارداد منظور کی گئی ہے جس کے ذریعے فیڈریشن کے یونٹس کو ایک دوسرے کے سامنے کھڑا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو ملک کے لیے نقصان دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کی باتیں بے بنیاد ہیں، ’’آپ ابھی تک تو ہمارا سرٹیفکیٹ ہی قبول نہیں کر سکے، پابندی کیا لگائیں گے؟‘‘ انہوں نے تنبیہ کی کہ اگر یہی حالات رہے تو ایک ماہ میں بھی معاملات حکومت کے قابو میں نہیں رہیں گے۔






