
خلیج اردو
وزیراعظم شہباز شریف نے علما کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک جادو ٹونے سے نہیں بلکہ مسلسل محنت، جدوجہد اور قومی اتحاد سے ترقی کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ملکی ترقی و استحکام کے لیے فرقہ پرستی کا خاتمہ، اتحاد اور یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے، جب تک قوم میں ہم آہنگی پیدا نہیں ہوگی، ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میں تاریخی کامیابی حاصل کی اور فیلڈ مارشل کی سربراہی میں افواجِ پاکستان نے بہادری سے جنگ لڑی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دیا گیا اور قوم کو یہ فتح علما اور پوری قوم کی دعاؤں سے نصیب ہوئی۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم نے بعض عناصر کی جانب سے عسکری قیادت کے خلاف پروپیگنڈے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاک فوج کی قربانیوں کا مذاق اڑایا جائے گا تو دنیا پاکستان کی عزت کیسے کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز کے جوان ملکی دفاع کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، اور ملک کی ترقی کے لیے دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ سابقہ حکومت کے دور میں معیشت ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچ چکی تھی، تاہم موجودہ حکومت نے معیشت کو دوبارہ پٹڑی پر چڑھایا اور پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں روزانہ معصوم شہری فتنۂ خوارج کا نشانہ بن رہے ہیں، افغانستان سے آنے والے شدت پسند بے گناہ لوگوں کو شہید کر رہے ہیں، جس کے خاتمے کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔






