پاکستانی خبریں

الحمدللہ، اتنا بڑا ترقیاتی بجٹ ہونے کے باوجود کوئی مالیاتی اسکینڈل سامنے نہیں آیا،وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بجٹ دستاویز پر دستخط کردئیے

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 27 واں اجلاس، مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی منظوری

خلیج اردو
لاہور – وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 27 ویں اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی، جسے وزیراعلیٰ نے خود بجٹ دستاویز پر دستخط کر کے حتمی شکل دی۔ اجلاس میں متعدد اہم فیصلے، اعلانات اور پالیسی اہداف طے کیے گئے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ یہ بجٹ "زیرو ٹیکس” ہے اور تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ بھی دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے مالی سال کا ترقیاتی بجٹ بھی ریکارڈ تھا، لیکن اس سال ہم اپنے ہی ریکارڈ توڑ دیں گے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب میں 100 نئے اختراعی منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں، جبکہ 700 سڑکوں کی تعمیر اور توسیع کا عمل جاری ہے، جس کے تحت 12 ہزار کلومیٹر پر کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "پائی پائی عوام کی امانت ہے اور ہم اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہیں”۔

وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ بجٹ کے ہر مرحلے میں مالیاتی نظم و ضبط اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "الحمدللہ، اتنا بڑا ترقیاتی بجٹ ہونے کے باوجود کوئی مالیاتی اسکینڈل سامنے نہیں آیا، ای ٹینڈرنگ اور گڈ گورننس نے شفافیت کو یقینی بنایا”۔

مزید کہا کہ 94 نئے ترقیاتی پروگرامز، فری میڈیسن اسکیم، اور اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا ہدف بھی بجٹ کا حصہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ "عوام کی خدمت ہماری اولین ذمہ داری ہے”۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ کم از کم اجرت 40 ہزار روپے ہوگی اور اجرتوں کا نظام ڈیجیٹلائز کیا جائے گا۔ انہوں نے سرکاری ملازمین کو کارکردگی کی بنیاد پر اضافی بونس دینے کے امکان کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں سینئر وزیر منصوبہ بندی مریم اورنگزیب اور وزیر خزانہ نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری اور تمام متعلقہ حکام کو بجٹ کی کامیاب تیاری پر مبارکباد بھی دی، اور کہا کہ "2025-26 کا بجٹ پاکستان کی تاریخ کا بے مثال بجٹ ثابت ہوگا”۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button