عالمی خبریں

صدر ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر پر حملے کی اسرائیلی تجویز مسترد کر دی، نیتن یاہو کا دعویٰ: اصفہان اور نطنز جوہری مراکز تباہ کر دیے

خلیج اردو
واشنگٹن / تل ابیب – امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے خلاف اسرائیلی منصوبہ بندی کردہ قاتلانہ حملے کی تجویز کو ویٹو کر دیا ہے۔ یہ انکشاف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے ایران پر کیے گئے حالیہ حملوں کی تفصیلات سے پردہ اٹھایا ہے۔

نیتن یاہو کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایران کے اصفہان میں واقع جوہری ری ایکٹر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ نطنز کے مرکزی جوہری مرکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ان کے بقول، "اصفہان ری ایکٹر کے بغیر ایران کا جوہری ہتھیار تیار کرنا ناممکن ہو جائے گا۔”

اسرائیلی وزیراعظم نے دعویٰ کیا کہ ان کارروائیوں کے بعد ایرانی حکومت انتہائی کمزور ہو چکی ہے اور اگر ضرورت پڑی تو مزید کارروائیاں بھی کی جا سکتی ہیں۔

نیتن یاہو نے مزید انکشاف کیا کہ اسرائیل کو ملنے والی خفیہ معلومات سے پتہ چلا ہے کہ ایران حوثی باغیوں کو ایک جوہری ہتھیار منتقل کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا، جسے روکنے کے لیے یہ پیشگی اقدامات کیے گئے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ ایران پر حملے سے قبل اسرائیل نے امریکی صدر ٹرمپ کو اعتماد میں لیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ایران میں سیاسی نظام کی تبدیلی بھی ممکن ہے، جسے اسرائیلی حملوں کے نتائج میں ایک اہم موڑ قرار دیا جا رہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button