
خلیج اردو
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت امن و امان کے حوالے سے مسلسل چھٹا اجلاس ہوا، جس میں صوبے بھر میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ افغان سمیت کسی بھی غیر ملکی کو پراپرٹی کرایے پر دینے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی نشاندہی کے لیے مساجد میں اعلانات کرائے جائیں۔ کسی بھی غیر ملکی کو گھر، دکان، فیکٹری، ہوٹل یا پٹرول پمپ کرایے پر دینے کی روزانہ رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا گیا۔ پٹواری، نمبردار اور ایس ایچ او کو غیر ملکیوں کو دی گئی پراپرٹیز کی رپورٹنگ کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔
اجلاس میں تمام اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے بارے میں فیلڈ سروے کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزٹ ویزہ یا غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہو کر ملازمت کرنے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت دی کہ بے نامی اور مشکوک پراپرٹیز کے بارے میں فوری رپورٹ پیش کی جائے، جبکہ پنجاب میں مقیم افغان باشندوں کا درست اور مکمل ڈیٹا بھی مرتب کر کے پیش کیا جائے۔






