
خلیج اردو
اداکارہ صبا قمر نے فلموں اور ڈراموں میں رومانوی مناظر کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور اپنے ابتدائی دنوں کے تجربات پر کھل کر گفتگو کی ہے۔ گرین انٹرٹینمنٹ کے پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے صبا قمر نے بتایا کہ جب انہوں نے اداکاری کا آغاز کیا تو سینئر فنکاروں کے سخت رویے نے انہیں کافی مشکل وقت دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ سینئرز معمولی باتوں پر بھی غلطی نکالتے تھے اور ہمیشہ ایسا تاثر دیتے کہ وہ زیادہ قابل اور تجربہ کار ہیں۔ تاہم انہی حالات نے انہیں مضبوط بنایا اور ان کی اداکاری کو نکھار دیا۔ صبا قمر نے کہا کہ اب وہ بڑے سے بڑے مجمع کے سامنے بھی بلا جھجک پرفارم کرسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سینئر فنکاروں کو نئے آنے والوں کے ساتھ سخت رویہ نہیں اپنانا چاہیے کیونکہ اس سے جونیئر اداکار دباؤ کا شکار ہوجاتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ نہیں کر پاتے۔ صبا قمر نے بتایا کہ وہ خود ہمیشہ اپنے جونیئرز کے ساتھ اچھا سلوک کرتی ہیں تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ کام کرسکیں۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ہمارے معاشرے میں رومانس کا اظہار سکھایا نہیں جاتا، اسی لیے جب شوٹنگ کے دوران رومانوی مناظر کرنے ہوتے ہیں تو فنکاروں کو جھجک محسوس ہوتی ہے۔ ان کے مطابق لڑکوں کا لہجہ سخت اور رویہ کرخت ہوجاتا ہے جبکہ لڑکیاں جھجک کا شکار ہوتی ہیں۔
صبا قمر نے کہا کہ ابتدا میں انہیں رومانوی مناظر کی شوٹنگ میں دقت ہوتی تھی مگر اب وقت کے ساتھ وہ ان مناظر کو بہتر انداز میں نبھانے لگی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ چونکہ ڈراموں میں رونے دھونے والے مناظر زیادہ ہوتے ہیں، اس لیے وہ ان مناظر میں آسانی سے اداکاری کرلیتی ہیں اور اب رومانوی سینز میں بھی لطف محسوس کرتی ہیں۔






